محکمہ جنگلات میں مخلوعہ جائیدادوں کے لیے عنقریب اعلامیہ

حیدرآباد ۔ 30 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے محکمہ جنگلات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لیے بہت جلد اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ تلنگانہ ریاست کو سرسبز و شاداب بناتے ہوئے ’ ہریتا ہارنگا ‘ میں تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ جنگلاتی علاقہ کے رقبہ کو 33 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کرنے والی تلنگانہ حکومت نے محکمہ جنگلات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے ۔ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں نچلی سطح کی مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے اعلامیہ (نوٹیفیکشن ) جاری کر کے تحریری ٹسٹ منعقد کیا گیا تھا ۔ اس کے بعد علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے پر نتائج کی اجرائی کو زیر التواء رکھدیا گیا ۔ جس کی وجہ سے اب اس تحریری ٹسٹ سے مزید مشکلات پیش آنے کی توقع کو پیش نظر رکھتے ہوئے متحدہ آندھرا پردیش ریاست میں منعقدہ تحریری ٹسٹ کو منسوخ کر کے تلنگانہ ریاست میں بالکلیہ طور پر نیا اعلامیہ جاری کر کے مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے کے لیے حکومت تلنگانہ نے تیاری کرلی ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ فارسٹ سیکشن آفیسرس 151 ، فارسٹ بیسٹ آفیسرس 751 ، اسسٹنٹ بیسٹ آفیسرس 1224 ، ٹیکنیکل اسسٹنٹس 14 ، بنگلہ واچر 11 ، اٹنڈرس کی 11 جائیدادوں کے لیے متحدہ آندھرا پردیش ریاست میں 17 فروری تا 3 مارچ درخواستیں قبول کی گئیں اور ماہ جون میں تحریری ٹسٹ منعقد کیا گیا ۔ تعلیمی قابلیت بھی بہت کم رکھے جانے کے باعث تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں سے کثیر تعداد میں امیدواروں نے تحریری ٹسٹ میں شریک ہوئے تھے ۔۔