محکمہ تعلیم کی نگران کار ٹیم پر حملہ ، 2 ہلاک

پشاور۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نامعلوم بندوق برداروں نے محکمہ تعلیم کی ایک نگران کار ٹیم کو شمال مغربی علاقہ میں نشانہ بناتے ہوئے ایک خاتون آفیسر اور ایک فوجی کو ہلاک کردیا۔ خیبر پختونخواہ کے لکی مارواٹ ڈسٹرکٹ میں واقع شادی خیل علاقہ میں بندوق برداروں نے ایک اسکول کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہاں انسپکشن کیا جارہا تھا۔ خاتون آفیسر آسیہ بیگم اور لیویز فورس کے ایک آفیسر حملہ میں ہلاک ہوگئے۔ نگران کار ٹیم کے دیگر چار افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ حملہ آور مفرور بتائے گئے ہیں جبکہ پولیس نے پورے علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔