محکمہ تعلیمات میں آدھار کا لزوم ،

سپریم کورٹ احکامات پر عدم عمل آوری
حیدرآباد 29 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی محکمہ تعلیمات سپریم کورٹ کے احکامات کو خاطر میں نہ لانے سے کئی طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا امکان ہے کیونکہ مختلف تعلیمی اداروں میں داخلے یا پھر اعلیٰ تعلیم میں داخلہ انٹرنس میں شرکت کے لئے درخواستیں داخل کرنا چاہیں تو ہر حال میں انھیں آدھار نمبر درج کرانا لازمی کردیا گیا ہے جبکہ سپریم کورٹ نے واضح ہدایت دی ہے کہ آخری فیصلہ آنے تک آدھار کے لئے جبر نہ کیا جائے۔ تاہم مختلف تعلیمی اداروں میں داخلوں یا مسابقتی امتحانات میں شرکت کے لئے درخواستوں کو مسترد کیا جارہا ہے اور تاحال شہر میں اکثر لوگوں کے پاس آدھار کارڈس نہیں ہیں اور شہریان کا کہنا ہے کہ آدھار سنٹر پر آدھار کے لئے رجوع ہوں تو وہاں مختلف مسائل بتاکر واپس کردیا جارہا ہے اور آدھار کے لئے مختلف اقسام کے ثبوت کا مطالبہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے آدھار کارڈس نہیں بن پارہے ہیں اور طلباء داخلوں کے لئے تعلیمی اداروں تک دور دور سے آکر واپس چلے جارہے ہیں اور اولیائے طلباء کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عہدیداران کو شکایت کرنے کے باوجود ان کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا جارہا ہے۔ یہاں تک کہ عہدیداران نے انٹرنس ٹسٹ میں شرکت کے لئے بھی آدھار کارڈ کو لازمی کردیا گیا اور طلبہ لا سیٹ، ایم سیٹ اور ای سیٹ جیسے انٹرنس ٹسٹ میں شرکت کے لئے آدھار کو لازمی کردیا گیا ہے۔