محکمہ برقی کے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات باقاعدہ، حکومت کے احکامات

۔20 ہزار عارضی ملازمین کو راحت، حکومت تلنگانہ وعدہ نبھانے میں کامیاب
حیدرآباد۔30جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے محکمہ برقی کے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے اعلان کو پورا کردیا اور آج 20 ہزار ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے احکام جاری کرتے ہوئے انہیں احکامات کی اجرائی عمل میںلائی گئی۔ محکمہ برقی کے مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے کنٹراکٹ ملازمین جو عرصہ دراز سے اپنی ملازمتوں کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کر رہے تھے انہیں آج ان کی خدمات کو باقاعدہ بنائے جانے کے احکام حوالے کردیئے گئے۔ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ میں آج جشن اورتہوار کا ماحول رہا اور ملازمین اپنے اعلی عہدیداروں بالخصوص صدرنشین ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل مسٹر رگھوما ریڈی اور جناب میر کمال الدین علی خان ڈائریکٹر ایچ آر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔ حکومت تلنگانہ نے سال گذشتہ کے اواخرمیں یہ اعلان کیا تھا کہ ریاست کے برقی شعبہ میں کنٹراکٹ پر خدمات انجام دے رہے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنایا جائے گا اور اس کے بعد سے اس کا عمل شروع ہو گیا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر تاخیر ہوتی جا رہی تھی لیکن چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ‘ ریاستی وزیر برقی مسٹر جگدیش ریڈی‘ صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ایس جینکو مسٹر ڈی پربھاکر راؤ کی شخصی دلچسپی کے سبب اس عمل کو تیزی سے ساتھ مکمل کرلیا گیا۔

جناب میر کمال الدین علی خان نے بتایا کہ محکمہ برقی کے تمام شعبہ جات میں جملہ 20ہزار 300 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنایا گیا ہے جن میں ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے 9ہزار 459 ملازمین کے علاوہ این پی ڈی سی ایل کے 4440‘ ٹرانسکو کے 4100 ملازمین کے علاوہ جینکو کے 2194 ملازمین شامل ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل میں 9459ملازمین میں بی سی۔ ای زمرہ کے تحت 682ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنایا گیا ہے اس کے علاوہ او سی میں زائد از 200 مسلم ملازمین کو باقاعدہ بنایا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل میں او سی زمرہ میں 1211 ‘ بی سی اے میں 674‘ بی سی ۔بی کے تحت 1944‘ بی سی ۔سی زمرہ میں شامل 22‘ بی سی ۔ڈی زمرہ کے 2094‘ بی سی۔ای میں شامل 682کے علاوہ 2081ایس سی اور751ایس ٹی ملازمین کوباقاعدہ بنایا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل میں جملہ 10ہزار 308 درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور ان درخواستوں کی تنقیح کے عمل کی تکمیل کے بعد ان میں سے 9ہزار 459درخواستوں کو قبول کیا گیا ہے جبکہ 189درخواستیں زیر غور ہیں اور 660درخواستوں کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر مسترد کردیا گیا۔

ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کارپوریٹ آفس میں 259ملازمین کی خدمات باقاعدہ بنائی گئی اور اسی طرح مختلف دفاتر میں خدمات انجام دے رہے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ کیا گیا ہے۔ جناب میر کمال الدین علی خان نے بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ میں جن ملازمین کی خدما ت کو باقاعدہ بنایا گیا ہے انہیں بھی دیگر شعبوں کے طرز پر 4زمروں میں منقسم کیا گیا ہے۔ جس میں اعلی تعلیم یافتہ‘ نیم ہنرمند اور ہنرمند کے علاوہ غیر ہنرمند لیکن تعلیم یافتہ ملازمین جو خدمات انجام دے رہے تھے انہیں 29جولائی کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور تمام ملازمین نے اپنی ملازمتوں پر رپورٹ کردی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 4ڈسمبر 2016کو جو ملازمین محکمہ برقی کے کسی بھی شعبہ میں خدمات انجام دے رہے تھے ان کی خدمات کو باقاعدہ بنایاگیا ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یکم ڈسمبر 2016 کو منعقدہ ایک اجلاس میں کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں استفسار کرتے ہوئے ہدایت جاری کی تھی کہ محکمہ برقی میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں ۔ محکمہ برقی کے اعلی عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ برقی کے تمام شعبہ جات میں 20ہزار 300ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں جاری کردہ احکامات میں زائد از10فیصد ملازمین کی خدمات باقاعدہ بنائی گئی ہیں۔