محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کے رویہ پر شدید تنقید

حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : گریٹر حیدرآباد میٹرو واٹر بورڈ اینڈ سیوریج کے عہدیداران پانی کی بل کی عدم ادائیگی کا بہانہ بناتے ہوئے صارفین کے مکانات سے سامان جیسے ٹی وی اور دیگر اشیاء کو اٹھا کر لے جارہے ہیں جو کہ صارفین کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے ۔ یہ بات مسٹر ایم آنند کمار گوڑ گریٹر حیدرآباد تلگو دیشم ترجمان و کنوینر واٹر ورکس ڈپارٹمنٹ نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میں ایک لاکھ سے زائد غیر مجاز نل کنکشن کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ اسی طرح کسی بھی گھر میں نل کا دوسرا غیر مجاز کنکشن فوری منقطع کرنے کی بھی ہدایت جاری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے واٹر بورڈ کے عہدیداروں سے استفسار کیا کہ کسی مکان میں افراد خاندان کی تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں ہی بورڈ نے بذات خود دوسرا کنکشن کی اجازت دیا ہے تو دوسرے کنکشن سے فوری دستبرداری کی ہدایت دینا کہاں تک درست ہے ۔

بورڈ نے بل کی عدم ادائیگی یا پھر تاخیر پر سامان کو اٹھا کر لیجانا بھی غیر درست ہے ۔ انہوں نے بورڈ سے یہ بھی دریافت کیا کہ تقریبا 100 کروڑ روپئے بورڈ کو وصول طلب ہیں اس کو وصول کیوں نہیں کیا جارہا ہے ۔ جوبلی ہلز ، بنجارہ ہلز اور دیگر علاقوں کی عوام پینے کے پانی کے مسائل سے دوچار ہیں جہاں کے مسئلہ کو حل نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تلگو دیشم پارٹی گریٹر حیدرآباد صدر مسٹر سرینواس یادو کے علم میں ان مسائل سے واقف کروا کر عوامی مسائل کی یکسوئی کے لیے جدوجہد کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی ۔۔