محکمہ آبرسانی کی غفلت سے سڑکیں سیلاب میں تبدیل

شہریوں کو پریشانی کا سامنا ، بلدیہ خواب غفلت کا شکار
حیدرآباد۔30جنوری(سیاست نیوز) محکمہ آبرسانی کی غفلت کے سبب شہر کی سڑکوں کا سیلاب کی شکل اختیار کرنا کوئی نئی بات نہیںہے مگر دن کے اوقات میںمصروف ترین سڑکوں پر غیرضروری پانی کابہائو نہ صرف عوام کے لئے پریشانیوں کا سبب بنتا ہے بلکہ شہری انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی یہ ایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔ کچھ اس طرح کا معاملہ آج صبح ملک پیٹ کی مصروف ترین گورنمنٹ پریس روڈ پر پیش آیا جہاں ملک پیٹ ائیریا اسپتال کے سامنے سے گذرنے والی سڑک پر محکمہ آبرسانی کے مین ہول سے پانی بہنے لگا۔ گھنٹوں تک بہنے والے اس پانی کی وجہہ سے نہ صرف ملک پیٹ ائیریا اسپتال کو آنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ سڑک سے گذرنے والے لوگ بھی پریشان رہے ۔مذکورہ سڑک پر محکمہ آبرسانی اور بلدیہ کی غفلت اور کوتاہیوں کے سبب کئی ایک واقعات رونما ہوتے ہیں۔معمولی بار ش کے بعد بھی یہاں پر اکثر محکمہ آبرسانی کے مین ہول سے پانی بہنے لگتا ہے یا پھر آئے دن ڈرنیج کی خرابی کے سبب آلودہ پانی سڑک پر پھیلا ہوا رہتا ہے۔تقریبا ایک کیلومیٹر سے زائد علاقے تک بہنے والے اس پانی سے راہگیروں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گھنٹوں بعد بھی محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے بہتے ہوئے پانی کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی ۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج برآمد ہونے کے فوری بعد بنجارہ ہلز کے ایک خانگی اسپتال سے پانی بہنے کی شکایت کے بعد بلدی عملے نے کاروائی کرتے ہوئے مذکورہ اسپتال پر بھاری جرمانہ عائد کیاتھا مگر افسوس کہ بلدی عہدیدار محکمہ آبرسانی کی غفلت او رکوتاہی کے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے جانبدارنہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔