محمد علی شبیر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نامزد

ڈگ وجے سنگھ کی ہدایت پر صدر ٹی پی سی سی کا صدر نشین کونسل کو مکتوب

حیدرآباد /31 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد و سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر کو کونسل کی مخلوعہ نشستوں کے انتخابات تک قائد اپوزیشن کونسل کی حیثیت سے نامزد کیا گیا۔ ڈگ وجے سنگھ کی ہدایت پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے صدر نشین کونسل سوامی گوڑ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارٹی کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ قائد اپوزیشن کونسل ڈی سرینواس کی میعاد 29 مارچ کو مکمل ہو گئی، تاہم کونسل کی مخلوعہ نشستوں پر تقررات کا ہنوز فیصلہ نہیں ہوا۔ قبل ازیں اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے اتم کمار ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے محمد علی شبیر کو قائد اپوزیشن کونسل نامزد کرنے سے متعلق ہائی کمان کے فیصلہ سے واقف کرایا اور ساتھ ہی قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی کو بھی اس کی اطلاع دی۔ اس فیصلہ کے بعد سابق مرکزی وزیر ایس جے پال ریڈی، اتم کمار ریڈی، کے جانا ریڈی، سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا، کانگریس کے ارکان قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین، رنگا ریڈی، ایم ایس پربھاکر، سنتوش کمار، سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس محمد جاوید احمد کے علاوہ کانگریس کے کئی ارکان اسمبلی و قائدین نے شخصی طورپر اور ٹیلیفون کے ذریعہ محمد علی شبیر کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ 1970ء میں کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی سے محمد علی شبیر نے اپنے سیاسی کیریر کا آغاز کیا۔ 1989ء میں پہلی مرتبہ حلقہ اسمبلی کاماریڈی سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور 31 سال کی عمر میں ڈاکٹر چناریڈی کی کابینہ میں شامل ہوئے۔ 1994ء اور 1999ء کے انتخابات میں انھیں شکست ہوئی، لیکن 2004ء میں دوبارہ منتخب ہوکر راج شیکھر ریڈی کی کابینہ میں شامل ہوئے اور 2009ء میں شکست کے بعد ایم ایل سی منتخب ہوئے۔ وہ 2014ء میں بھی قائد اپوزیشن کونسل کے دعویدار تھے، مگر صرف ایک ووٹ زائد حاصل کرکے ڈی سرینواس قائد اپوزیشن کونسل منتخب ہوئے، جن کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہوگئی۔