محمد عامر کی دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیم میں واپسی ویزا سے مشروط

کراچی ۔31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے 18کھلاڑیوں کے ویزے موصول ہوگئے  لیکن ان میں اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ بولر محمد عامر کا ویزا شامل نہیں ہے کیونکہ نیوزی لینڈ کے  سفارتخانے نے فاسٹ بولر کی اہم دستاویزات طلب کی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے پی سی بی کی کوششوں کے نتیجہ میں دستاویزات طلب کی ہیں اور قوی امکان ہے کہ محمد عامر دورہ نیوزی لینڈکے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔  پی سی بی ذرائع کے بموجب دستاویزات کی عدم دستیابی کے باعث عامر کی ویزا درخواست ہی داخل  نہیں کروائی گئی۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے محمد عامر کے بارے میں اہم تفصیلات طلب کی ہیں اور ان کو ویزا ملنے کا امکان پیداہوگیاہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹر محمد عامر کو ویزا دینے کیلئے دبئی میں نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اہم تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ پی سی بی  پاکستانی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے محمد عامر کو ویزا دلوانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہا ہے اور اس کے نتیجے میں دبئی میں نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے محمد عامر سے متعلق اہم تفصیلات طلب کی ہیں۔ذرائع نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے اسپاٹ فکسنگ مقدمہ  اور آئی سی سی کے فیصلے کی تفصیلات کے علاوہ  برطانوی عدالت کے فیصلے کی نقل  محمد عامر کی جائیداد، بینک اکاؤنٹ اور جیل کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کا سفارتخانہ ان تمام تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد محمد عامر کو ویزا جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریگا۔ اس صورتحال میں محمدعامر کے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے  ٹیم کا حصہ بننے کی امید پیدا ہوگئی ہے ۔ نیوزی لینڈ کے سفارتخانے نے پی سی بی کی کوششوں کے نتیجہ میں دستاویزات طلب کی ہیں اور قوی امکان ہے کہ انہیں ویز امل جائیگا۔