محمد سمیع کو ورلڈ کپ ٹیم میں منتخب ہونے پر بیوی کی مبارکباد

کولکتہ ۔19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )ہندستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سمیع کی بیوی حسین جہاں اچانک کولکتہ سے امروہہ اپنی سسرال پہنچی اور لوک سبھا کے دسرے مرحلے کے لئے یہاں ووٹ دیا اور اس کے بعد ورلڈ کپ ٹیم میں منتخب ہونے پر سمیع کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق مغربی اتر پردیش کے امروہہ لوک سبھا علاقے میں دوسرے مرحلے کے انتخابات میں سمیع کی بیوی حسین جہاں کولکتہ سے اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے امروہہ اپنے سسرال پہنچی۔ حق رائے دہی سے استفادہ کے بعد حسین جہاں نے کہا کہ بغیر ڈر اور خوف کے سب کو، خاص طور پر نوجوانوں کو اپنا فرض نبھاتے ہوئے ووٹ ڈالنا چاہئے۔ ورلڈ کپ ٹیم میں شامل سمیع کی بیوی حسین جہاں اچانک اپنے سسرال پہنچی اسے دیکھ گاوں والے بھی حیران رہ گئے۔ جب پتہ چلا کہ وہ لوک سبھا کے لئے اپنا ووٹ ڈالنے آئی ہیں تو سب دنگ رہ گئے۔ حسین جہاں اس مرتبہ کافی طویل عرصے کے بعد اپنے سسرال پہنچی ہیں۔ حسین جہاں نے کئی مرتبہ سمیع کے بارے میں پوچھا لیکن انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ اس کے باوجود حسین جہاں نے ورلڈ کپ کے لئے ہندوستانی ٹیم سے نیک تمناؤوں کا اظہار کیا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم کے لئے سمیع بھی بہتر کارکردگی کریں۔اس موقع پر سمیع کی بیوی کے ساتھ تصویر بنوانے والوں کی بھیڑ لگی رہی۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ سال مارچ کے پہلے ہفتے میں سمیع اور بیوی حسین جہاں میں تنازعہ ہو گیا تھا۔ جو اب عدالت میں زیر دوراں ہے۔ دونوں کے رشتے اس قدر خراب ہوئے کہ کافی عرصے سے ان کی ملاقات بھی نہیں ہوئی۔ حسین شوہر محمد سمیع پر گھریلو تشدد کا الزام لگانے کے معاملے میں سرخیوں میں آئی تھیں۔ انہوں نے سمیع پر بہت سنگین الزام لگائے ہیں۔