محمد حفیظ کے 224 رنز ، پاکستان کھُلنا ٹسٹ میں مکمل حاوی

کھلنا ، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹسٹ میں اوپنر محمد حفیظ کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت بڑی سبقت حاصل کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔ کھلنا ٹسٹ کے آج یہاں تیسرے دن پاکستان نے اپنی جوابی اننگز کو 227/1 سے آگے بڑھانا شروع کیا تو حفیظ اور اظہر علی وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور دوسری وکٹ کیلئے مزید پچاس رنز جوڑے؛ اظہر 277 کے مجموعی اسکور پر شووا گاتا ہوم (2/112) کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔ 83 رنز بنانے والے بلے باز نے حفیظ کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 227 رنز کی شراکت قائم کی۔ چار نمبر پر تجربہ کار یونس خان نے حفیظ کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور بنگلہ دیش کی مشکلات میں مزید اضافہ
کرتے ہوئے تیسری وکٹ کیلئے 62 رنز کی شراکت قائم کی۔

ایسے موقع پر جب یونس وکٹ پر مکمل سنبھلتے دکھائی دے رہے تھے، تاج الاسلام (3/116) کی خوبصورت گیند نے اُن کی وکٹیں بکھیر دیں۔ دوسری طرف پر موجود حفیظ نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی اولین ڈبل سنچری مکمل کر لی۔ کپتان مصباح الحق اور حفیظ نے اسکور بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا لیکن 402 کے مجموعی اسکور پر حفیظ سوئپ کرنے کی کوشش میں لیگ سلپ کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 332 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 23 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 224 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ مصباح نے نئے بیٹسمن اسد شفیق کے ساتھ بھی 66 رنز کی شراکت قائم کی لیکن پاکستانی کپتان 59 رنز اسکور کرنے کے بعد تاج کی تیسری وکٹ بن گئے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر سرفراز احمد کریز پر پہنچے اور اسکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا اور پاکستان کی برتری مزید مستحکم کر دی۔ دونوں کھلاڑی اب تک چھٹی وکٹ کیلئے 69 رنز کی شراکت قائم کر چکے ہیں جس میں سرفراز کا حصہ 51 رنز ہے جبکہ اسد بھی 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 537 رنز بنائے تھے، اس طرح پاکستان کو بنگلہ دیش پر 205 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوگئی اور ابھی پورے دو دن کا کھیل باقی۔ مشفق الرحیم کی میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ میزبانوں کی طرف سے مایوس کن مظاہرہ یہ رہا کہ پاکستان کی 148 اوورز کی بیٹنگ میں اُن کے دو اسٹرائک بولروں روبل حسین (0/82) اور محمد شاہد (0/51) نے کوئی وکٹ حاصل نہیں کی حالانکہ دونوں نے مل کر 39 اوورز پھینکے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کی اسپن بھی بری طرح ناکام ہوگئی۔ انھوں نے اپنے 31 اوورز میں 122 رنز خرچ کئے مگر کسی بیٹسمن کو آؤٹ نہ کرپائے۔