محمد اظہر الدین اور وجئے شانتی کی خدمات سے کانگریس کا استفادہ

کانگریس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ، انتخابی ٹیم تیار کرنے کی تیاریاں
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لاتے ہوئے انتخابی ٹیم تیار کرنے کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں ۔ کرکٹر محمد اظہر الدین فلمی اداکارہ وجئے شانتی کی خدمات سے استفادہ کرنے کے اشارے مل رہے ہیں ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ کا عہدہ بی سی قائد کو دیا جائے گا ۔ ساتھ اے آئی سی سی میں ایک جنرل سکریٹری 2 سکریٹریز اور ایک قومی ترجمان عہدوں کے لیے تلنگانہ قائدین کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے تنظیمی تبدیلیوں کا اعتراف کیا ہے ۔ تلنگانہ کے نئے انچارج آر سی کنٹیا نے پہلے ہی واضح کردیا کہ پردیش کانگریس کی قیادت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ۔ اتم کمار ریڈی 2019 کے عام الیکشن میں کانگریس کے کیپٹن ہوں گے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کرناٹک اور گجرات میں انتخابات کی تیاریوں کے لیے دونوں ریاستوں کے تنظیمی ڈھانچے میں کافی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں ۔ ساتھ ہی تلنگانہ پر بھی کانگریس ہائی کمان خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ بی سی قائد سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کو دوسرا تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ بنانے کا قوی امکان ہے ۔ گاندھی بھون کے ذرائع نے بتایا کہ کانگریس ہائی کمان ٹیم انڈیا کے سابق کپتان و سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہر الدین اور فلم اداکارہ و سابق رکن پارلیمنٹ وجئے شانتی سے رابطے میں ہیں ۔ انہیں اے آئی سی سی سکریٹریز یا تلنگانہ انتخابی مہم کمیٹی میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ انتخابی مہم کا صدر نشین نامزد کرنے پر ہائی کمان غور کررہی ہے ۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ نومبر میں بڑے پیمانے پر اے آئی سی سی میں تنظیمی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں ۔ تلنگانہ کو ایک جنرل سکریٹری 2 سکریٹریز اور ایک قومی ترجمان کا عہدہ دینے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 2019 میں کانگریس پارٹی واضح اکثریت کے ساتھ تلنگانہ میں حکومت تشکیل دے گی ۔ پارٹی کی کامیابی کے لیے ہائی کمان بھی اپنی حکمت عملی تیارکررہی ہے ۔ نومبر میں اے آئی سی سی اور ورکنگ کمیٹی میں تبدیلیاں رونما ہوسکتی ہیں ۔ تلنگانہ سے ایک قائد کو ورکنگ کمیٹی میں موقع فراہم ہوگا ساتھ ہی ایک جنرل سکریٹری اور 2 سکریٹریز اور ایک ترجمان بھی تلنگانہ سے بنائے جائیں گے ۔ محمد اظہر الدین اور وجئے شانتی کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے گا ۔۔