محض حکومت کے بدلنے سے ملک کے حالات نہیں بدلتے : دیب رائے

حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( پی ٹی آئی ) : ملک میں پالیسی سازی و منصوبہ بندی کے کلیدی ادارہ نیتی آیوگ کے ایک رکن بیبیک دیب رائے نے آج کہا کہ محض حکومت کی تبدیلی سے کسی ملک کی حالت نہیں بدل سکتی ۔ دیب رائے نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہندوستان ہنوز ایک غریب ملک ہے ۔ اس کا المیہ یہ ہے کہ آزادی کے 69 سال بعد بھی ایک لاکھ مواضعات سڑکوں ، ابتدائی طبی مراکز سے محروم ہیں ‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ محض حکومت بدلنے سے ہندوستان نہیں بدل سکتا ۔ ہندوستان اسی وقت بدل سکتا ہے جب آپ ( طلبہ و نوجوان ) اس کو بدلیں گے ۔ آپ ہی جواں ہندوستان ہیں ‘ دیب رائے نے کہا کہ آج کے ہندوستان میں جو فی کس آمدنی ہے وہ 1870 کے عشرہ میں امریکہ کی فی کس آمدنی تھی ۔۔