محرم میں بھی غیر معلنہ برقی کٹوتی کا سلسلہ جاری

محرم میں بھی غیر معلنہ برقی کٹوتی کا سلسلہ جاری
حیدرآباد۔ 12؍نومبر (سیاست نیوز)۔ پرانے شہر میں ماہِ محرم کی ابتداء سے ہی علم کی ایستادگی کے علاوہ مجالس عزا کے انعقاد کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے اور یہ سلسلہ 12 محرم تک عروج پر ہوتا ہے، لیکن اس مرتبہ پرانے شہر بالخصوص دارالشفاء، پرانی حویلی اور چھتہ بازار علاقوں کے عوام کو غیر معلنہ برقی کٹوتی کے سبب مشکلات ہے۔ عوام نے شکایت کی کہ روزانہ معمول کے خلاف برقی کٹوتی سے شام کے وقت تاریکی پھیلائی جارہی ہے جس کے سبب زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دارالشفاء کے اطراف و اکناف میں علم ایستادہ کئے جاتے ہیں اور مجالس عزا منعقد ہوتی ہیں، کم از کم وہاں بِلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے اقدامات کئے جانے چاہئیں، لیکن محرم کے آغاز پر بھی برقی کٹوتی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ محکمہ برقی نے محرم کے خصوصی انتظامات نہیں کئے ہیں اور نہ ہی محکمہ کے عہدیداروں کو اس بات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ بِلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ بِلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے اقدامات کئے گئے ہیں، لیکن برقی سربراہی میں کٹوتی یا وولٹیج میں تفاوت کی بنیادی وجہ اضافی برقی قمقموں کے علاوہ زائد روشنی کے انتظام کیلئے بڑی ہیلوجنس کے استعمال سے یہ صورتِ حال پیدا ہورہی ہے، لیکن عہدیدار اس وضاحت سے قاصر ہیں کہ یہ صورتِ حال کیوں صرف مسلمانوں کے اہم موقعوں پر پیدا ہوتی ہے؟ جب کہ نوراتری یا شیوراتری یا گنیش تہواروں کے موقع پر ایسا نہیں ہوتا بلکہ خاص طور پر اضافی برقی کی سربراہی کے انتظامات کئے جاتے ہیں۔ مسلمانوں سے متعلق اہم مواقع بالخصوص عیدین کے موقع پر برقی سربراہی کا منقطع ہونا معمول کی بات بن چکی تھی، لیکن اس مرتبہ ماہِ محرم کے موقع پر بھی یہ صورتِ حال پیدا کرتے ہوئے عوام میں بے چینی پیدا کی جارہی ہے جس سے محکمہ کے کردار پر عوامی شکوک و شبہات میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوام نے محکمہ برقی کے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری بِلاوقفہ برقی سربراہی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں تاکہ آئندہ دنوں میں عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔