محبوب نگر کو ماڈل سٹی میں تبدیل کرنے کا عزم

ترقیاتی پروگرام سے ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر۔ 7 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر کو ایک شاندار ماڈل سٹی میں تبدیل کرنا ہی میرا مقصد ہے اور اس میں کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گا۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری، سیاحت و اسپورٹس ڈی سرینواس گوڑ نے مستقر محبوب نگر کے مختلف علاقوں میں 6 کروڑ 41 لاکھ کے صرفے سے تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ محبوب نگر کے عوام نے جن توقعات کے ساتھ مجھے بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا ہے، اس کو پورا کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے محبوب نگر کی پسماندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب اس کو بھلا دینا چاہئے اور نئے عزم و حوصلہ کے ساتھ اس شہر کو نہ صرف ریاستی بلکہ قومی سطح پر ایک مثال بنایا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے مونپا گٹہ میں 10 لاکھ کی لاگت سے پارک، ایرہ گنٹہ میں 50 لاکھ کے صرفہ سے شمشان گھاٹ، نواب پیٹھ میں بی ٹی روڈ کیلئے ایک کروڑ، بھگیرتا کالونی میں 23 لاکھ کے صرفہ سے ڈرینج، 20 لاکھ کے صرفہ سے ہاؤزنگ بورڈ کالونی میں پارک، بوائز جونیر کالج گراؤنڈ میں 50 لاکھ کی لاگت سے گرینری اور لینڈ اسکیپنگ ایک کروڑ 28 لاکھ کی لاگت سے سبھاش نگر چوراستہ تا ڈی ای او آفس بی ٹی روڈ، ایک کروڑ کے صرفہ سے امبیڈکر چوراہا تا تلنگانہ چوراہا، سڑک کی تعمیر، ایک کروڑ 50 لاکھ کی لاگت سے تلنگانہ چوراستہ تا ٹی ڈی گٹہ ریلوے گیٹ سڑک و دیگر کئی ایک کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر میونسپل چیرپرسن رادھا امر، کونسلرز کرشنا موہن، گووند و دیگر موجود تھے۔