محبوب نگر کو سرسبز و شاداب بنانے کا عزم

ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ کی پریس کانفرنس
محبوب نگر۔/28فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر کو بہت جلد قحط اور خشک سالی سے نجات دلاتے ہوئے سرسبز و شاداب بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے دورہ اچم پیٹ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اندرون 3سال پالمور، رنگاریڈی لفٹ اریگیشن تکمیل کرلیا جائے گا۔ ریاستی چیف منسٹر اس پراجکٹ پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس کیلئے 35 ہزار کروڑ کی بھاری رقم منظور کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واٹر گرڈ اسکیم کے تحت دو سال میں ریاست کے 15ہزار مواضعات میں نلوں کے ذریعہ پینے کے پانی کی سربراہی عمل میں لائی جائے گی۔ مستحقین کو ڈبل بیڈ روم پر مشتمل مکان فراہم کیا جائے گا۔ اس طرح تلنگانہ ملک بھر میں ترقیاتی کاموں میں سرفہرست رہے گا۔ چیف منسٹر عوامی فلاح و ترقیات کیلئے کئی ایک اسکیمیں متعارف کروارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آندھرائی جماعتوں کو ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے۔ عوام انتخابات میں انہیں زبردست سبق سکھاتے آرہے ہیں۔ وزیر موصوف نے اچم پیٹ کے بلدی انتخابات میں تمام نشستوں پر ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی اچم پیٹ بال راج، زیڈ پی ٹی سی رام کرشنا ریڈی، ایم پی پی پرواتالو، ٹی آر ایس قائدین خواجہ، امین الدین، نثار، بابا و دیگر موجود تھے۔