محبوب نگر میں رائے دہی پرامن، 64.99% پولنگ

ضلع کلکٹر والیکشن آفیسر رونالڈ روز کی پریس کانفرنس
محبوب نگر۔ 11 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوم) ضلع کلکٹر و الیکشن آفیسر رونالڈ روز نے آج شام ریوینیو میٹنگ ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پارلیمان محبوب نگر میں رائے دہی بحیثیت مجموعی پرامن رہی۔ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ حلقہ میں 64.99% پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ چند مراکز پر ای وی ایم مشینوں میں فنی خرابی کی وجہ سے کچھ دیر رائے دہی مسدود رہی لیکن فوری تبدیل کرتے ہوئے رائے دہی جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں کو رائے شماری مراکز سے سخت سکیورٹی میں اسٹرانگ رومس منتقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ایک اخباری نمائندے کے سوال پر کہ ووٹر سلپ رکھنے کے باوجود پولنگ اسٹاف نے شناختی کارڈ بنانے کا مطالبہ کیا۔ کلکٹر نے بتایا۔ الیکشن قوانین کے مطابق رائے دہی کے وقت کوئی ایک شناخت کارڈ رکھنا ضروری ہے۔ حلقہ میں آج صبح 7 بجے رائے دہی کا آغاز ہوا۔ تقریباً مراکز پر رائے دہندوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ 11 تا 3 بجے دوپہر رائے دہی سست رہی۔ مستقر محبوب نگر پر ریاستی وزیر سرینواس گوڑ، اے پی جیتندر ریڈی ایم پی، ضلع کلکٹر رونالڈ روز صدر ضلع کانگریس عبید اللہ کوتوال جبکہ بی جے پی امیدوار ڈی کے ارونا نے گدوال میں، کانگریس امیدوار، ومشی چندر ریڈی نے کلواکرتی میں اور ٹی آر ایس امیدوار سرینواس ریڈی نے نواب پیٹھ منڈل میں اپنے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ گزشتہ انتخابات کے مقابل اس مرتبہ رائے دہی کے فیصد میں کمی ہوئی۔ پولیس کا غیرمعمولی بندوبست دیکھا گیا اور معمر رائے دہندوں کیلئے اشطایہ نے سہولتوں کا بہتر نظم کیا تھا۔