محبوبہ مفتی مرکز کو ناراض عناصر سے بات چیت کیلئے قائل کریں

راجناتھ سنگھ کی ہدایت کے باوجود وادی میں نوجوانوں کیخلاف پیلٹ گن کا استعمال : نیشنل کانفرنس
سری نگر ، 30جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ اس وقت ریاست کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو چاہئے کہ وہ اپنے اتحادی بی جے پی کی مرکزی سرکار کو وادی میں حالات پٹری پر لانے کیلئے حریت کانفرنس اور ناراض نوجوان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کے لئے قائل کرے۔ پارٹی نے گزشتہ 3ہفتوں سے وزیر اعلیٰ اور اُن کے رفقاء کی طرف سے آرہے مبینہ متضاد اور اشتعال انگیز بیان بازی کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط اتحاد کے لیڈران اور وزراء کی حالیہ بیان بازی سے حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔ یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر نے کہا کہ برہان وانی کی ہلاکت کے بارے میں وزیرا علیٰ اور حکومت کی طرف سے آئے متضاد بیانات اور سخت ترین کرفیو میں تعلیمی اداروں کو کھولنے اور پریس کی آزادی پر قدغن لگانے کے بارے میں جو بیانات وقتاً فوقتاً جاری ہورہے ہیں ، اُس سے حالات مزید ابدتر ہونے کا اندیشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وزیر اعلیٰ کو چاہئے کہ وہ اپنے اتحادی بی جے پی کی مرکزی سرکار کو وادی میں حالات پٹری پر لانے کے لئے حریت کانفرنس اور ناراض نوجوان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کے لئے قائل کرے ۔ جنرل سکریٹری نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے دورۂ وادی کے دوران اس بات کا اعلان کیا تھا کہ فورسز اور وزیر اعلیٰ کو پیلٹ گن کے استعمال پر روک لگانے کے احکامات صادر کردیئے گئے ہیں، لیکن آج تک ان احکامات پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے ، روزانہ درجنوں نوجوانوں پیلٹ گن کے شکار ہورہے ہیں۔