محبان اردو کے وفد کی ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے نمائندگی

حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( راست ) : محبان اردو کا ایک وفد نے جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر حکومت تلنگانہ سے آج اردو اور اقلیتوں کے مسائل پر ملاقات کی اور ایک تفصیلی یادداشت پیش کی جس میں کہا گیا کہ ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن کے دفتر میں اسپیشل آفیسر اردو کے پوسٹ کو ختم اور اس کی جگہ ہندی اسپیشل آفیسر کا تقرر کیا گیا جس کو فی الفور بحال کیا جائے اور ایک ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر برائے اردو تقرر کیا جائے جو اردو اساتذہ کے مسائل کو بہ خوبی حل کرسکے اور جن غریب مسلمانوں کو بنکوں سے قرضہ جات منظور کئے گئے لیکن انہیں اقلیتی مالیاتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے مارجن منی جاری نہیں کی گئی اور غریب مسلمانوں کو مکانات کی حوالگی کے تعلق سے بھی زور دیا گیا ۔ اس وفد میں جناب محمد اسمعیل الرب انصاری ، جناب محمد اسمعیل حسین صدر نشین ورلڈ ہیومن رائٹس پروٹکشن اسوسی ایشن ، مسرز شہانہ خاں ، مسرز دردانہ مسکان ، غلام ساجد ، شیخ وسیم کے علاوہ اقلیتی نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس وفد کو جناب محمد محمود علی نے تیقن دیا کہ حکومت جلد از جلد اردو اور اقلیتوں کے مسائل کو حل کرے گی ۔۔