مجھے بھی کڑے امتحان سے گذرنا ہے : مودی

احمدآباد ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بورڈ امتحانات کا نہ صرف طلباء سامنا کرہے ہیں بلکہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو بھی اس مرتبہ کڑے امتحان سے گذرنا ہے کیونکہ انہوں نے تسلیم کیا ہیکہ طلباء کی طرح انہیں بھی امتحان دینا ہے اور یہ امتحان لوک سبھا انتخابات کی شکل میں ہے۔ گجرات میں طلباء جو دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں کل سے شرکت کررہے ہیں اور ان کے والدین کو اپنے موبائیل فونس پر حیرت انگیز کال وصول ہوئے اور یہ کال ریاستی چیف منسٹر مودی نے کئے تھے۔

مودی نے طلباء کو ان کے امتحان میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان سے دعا کی درخواست کی۔ امتحان لکھنے کا طلباء کے ذہنوں پر جس طرح کا دباؤ ہوتا ہے ہر سال ان کے لئے یہ مشترکہ مسئلہ ہے جب گجرات سکنڈری اور ہائر سکنڈری ایجوکیشن بورڈ سالانہ امتحانات کا انعقاد کرتے ہیں لیکن بی جے پی نے ان امتحانات کو لوک سبھا انتخابات سے قبل اپنے لئے مہم کا ہتھیار بنا لیا ہے۔ طلباء اور ان کے والدین سے رجوع ہوکر مودی کے حق میں ووٹ اور دعا کرنے کی درخواست کی ہے۔ فون کال پر یہ آواز آرہی ہیکہ میرے طالب علم دوستوں، آپ کا نریندر مودی بات کررہا ہے۔ آپ کی طرح میں بھی ایک امتحان دے رہا ہوں لیکن میری طرح آپ کو بھی امتحانات کے بارے میں فکرمند نہیں ہونا چاہئے۔
مودی نے ٹیلیفون کالس میں اپنے ریکارڈ شدہ پیام میں طلباء اور ان کے سرپرستو ںکو مشورہ دیا ہیکہ وہ امتحانات کے بوجھ اور دباؤ سے متاثر نہ ہوں۔ یہ ہر سال کی طرح ہوتے ہیں۔ امتحان ہماری زندگی میں ایک فطری عمل ہے۔ ہماری سخت محنت ہی سے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں، آپ کے والدین نے آپ کیلئے محنت کی ہے اور اس کے بہترین نتائج آئیں گے۔