مجلس بلدیہ عادل آباد کے اجلاس کا انعقاد

عادل آباد۔/23جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد مجلس بلدیہ کے ہنگامی اجلاس میں 0-% پر خدمات انجام دینے والی ایجنسی کو بلدیہ صفائی عملے کا ٹنڈر دینے سے تمام اراکین بلدیہ نے بنا کسی سیاسی افراتفری کے متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے، اس کی تجویز نائب صدر بلدیہ مسٹر فاروق احمد نے پیش کی تھی۔ اس موقع پر مختلف محلہ جات سے تعلق رکھنے والے اراکین نے صفائی نظام میں خدمات انجام دینے والے مرد و خواتین کو گذشتہ تین ماہ سے اجرتیں فراہم نہ کرنے پر بلدی عہدیداروں پر اپنی سخت ناراضگی ظاہر کی اور اندرون دو دن صفائی عملے کو ان کا معاوضہ فراہم کرنے پر زور دیا۔ شریمتی آرنیتا کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں کمشنر بلدیہ شریمتی منگاتائیرو کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ دفتر بلدیہ میں حالیہ خدمات پر مامور ہونے والے بیشتر محکمہ جات کے عہدیداروں نے ایوان بلدیہ کو اپنا اپنا تعارف پیش کیا بعد ازاں بلدیہ عہدیداروں کی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف محلہ جات سے مجلس بلدیہ میں نمائندگی کرنے والے اراکین نے محلہ جات میں پائی جانے والی تاریکی پر قابو پانے کا مشورہ دیا وہیں دوسری طرف تعمیراتی کاموں میں لاپرواہی کرنے والے کنٹراکٹرس کے خلاف کارروائی کرنے کا مشورہ دیا۔ اس اجلاس میں ماہ رمضان کے دوران میدان عیدگاہ میں خاطر خواہ صفائی اور مورم نہ بچھانے پر متعلقہ عہدیداروں کو مورد الزام ٹھہرایا گیا۔