مجالس مقامی کے کانگریسی امیدواروں کو گرفتار کرنے کے خلاف کانگریس کی نمائندگی

حیدرآباد۔29 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے کہ پولیس نے اپوزیشن کے چلو انٹرمیڈیٹ احتجاج کے پیش نظر کانگریس کے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی امیدواروں کو بھی حراست میں لے لیا جس کے سبب وہ پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کے موقع پر موجود نہ رہ سکے۔ الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے وی ناگی ریڈی کمشنر اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ایم پی ٹی اور زیڈ پی ٹی سی امیدواروں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات کے سلسلہ میں مرحلہ دوم کے امیدواروں کے پرچہ جات نامزدگی کی آج جانچ تھی۔ لیکن چلو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ احتجاج کے سبب پولیس نے امیدواروں کو صبح کی ابتدائی ساعتوں میں احتیاطی طور پر گرفتار کرلیا۔ نرنجن نے کہا کہ مرحلہ اول کے امیدوار ایک دن کے لیے انتخابی مہم میں حصہ لینے سے محروم رہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو گرفتار شدگان کی رہائی کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی۔ نرنجن نے کہا کہ پولیس کو کم از کم امیدواروں کو حراست میں لینے سے گریز کرنا چاہئے تھا۔