مجالس مقامی چناؤ میں ہاردک کے والد کی کانگریس کو حمایت

احمدآباد ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پٹیل کوٹہ ایجی ٹیشن کے لیڈر ہاردک پٹیل کے والد بھرت پٹیل نے آج کہا کہ پٹیل کمیونٹی گجرات کے مجالس مقامی کیلئے آنے والے چناؤ میں اپوزیشن کانگریس کی حمایت کرے گی۔ بھرت پٹیل نے کہا کہ ہم کانگریس کی تائید کریں گے کیونکہ یہ (بی جے پی) حکومت اور پولیس نے میرے فرزند پر مظالم ڈھائے ہیں۔ ہم اس مرتبہ کانگریس کے ساتھ ہیں۔ وہ ضلع سابرکنٹھ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کررہے تھے، جہاں انھوں نے کانگریس ایونٹ میں شرکت کی ۔ اس موقع پر حلقہ بیاڑ کے کانگریس ایم ایل اے مہندر سنہہ وگھیلا بھی موجود تھے۔ بھرت نے کہا کہ پٹیل برادری ہاردک کے ساتھ ہے اور وہ انتخابات میں اس کا مظاہرہ کریں گے۔ ہاردک موجودہ طور پر یہاں غداری کیس کے سلسلے میں پولیس تحویل میں ہے۔ بھرت پٹیل ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے ہیں تاکہ اپنے فرزند کے خلاف درج مقدمات کالعدم کرائے جاسکیں۔