مثبت سوچ کے کامیاب نتائج

کئی لڑکیاں ایسی ہوتی ہیں، جن میں مثبت انداز میں سوچنے کی عادت ہی نہیں ہوتی ، جب بھی ان کا نتیجہ آنے والا ہوتا ہے تو وہ کہتی ہیں کہ ’’ مجھے نہیںلگتا کہ میرا ’’ اے ‘‘ گریڈ بنے گا ۔ چاہے وہ کتنا ہی اچھا کام کرلیں انہیں خود پر یقین ہی نہیں ہوتاکہ اس کا نتیجہ اچھا آئے گا ۔ ان کے ذہن میں ہمیشہ منفی خیالات آتے ہیں ۔

ان لڑکیوں کو بھی یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ خوش رہنا بھی انسان کے اپنے اختیار میں ہے اس لئے خود کو خوش رکھنے کی کوشش کریں۔ اب خوشی کیسے حاصل کی جاسکتی ہے ؟ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ ہمیشہ مثبت انداز میں سوچیں ، تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ منفی انداز میں سوچا جائے تو انسان ذہنی تناؤ کا شکار ہوجاتا ہے ، جس کی وجہ سے اسے مختلف بیماریاں بھی ہوسکتی ہیں ۔ منفی سوچ انسان کو ذہنی اور جسمانی دونوں طرح کی بیماریوں میں مبتلا کرنے کا باعث ہوتی ہے ۔ اس لئے کوشش کریں کہ زندگی کے مختلف معاملات میں ہمیشہ پہلے مثبت پہلو کی جانب نظر کریں۔وہ لڑکیاں جو ہمیشہ منفی باتوں کو پہلے سوچتی ہیں ، جب ان سے کہا جائے کہ کبھی مثبت پہلو کی طرف بھی نظر کر لیا کرو ، تو ان کا یہی کہنا ہوتا ہے کہ ان کا دماغ مثبت انداز میں نہیں سوچتا ، ایسی لڑکیوں کو چاہئے کہ وہ ’’ مثبت سوچ ‘‘ کے حوالے سے کتابیں پڑھاکریں ، اس وقت بھی اگر وہ انٹرنیٹ پر تلاش کریں گی تو بہت سی کتابیں بآسانی مل جائیں گی ، تاہم آپ یہ بات بھی یاد رکھیں کہ ایسی کتابوں کو ایک ہی دن میں نہ پڑھ ڈالیں۔ ایک دن میں 5 صفحات پڑھیں ، انہیں اچھی طرح سمجھیں ، ان میں جو باتیں سمجھائی گئی ہیں ان پر عمل کریں تو یقیناً آپ میں مثبت سوچ پروان چڑھنے لگے گی جو آپ کو بہت فائدہ دے گی۔