متوفی ہندوستانی کی نعش کی سعودی عرب سے آج منتقلی

درخواست گذار بیوہ کے وکیل کی دہلی ہائی کورٹ کو اطلاع
نئی دہلی۔/29اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی عدالت کو آج مطلع کیا گیا کہ جھار کھنڈ سے تعلق رکنھے والے 27سالہ شخص کی نعش کو کل ہندوستان لایا جارہا ہے۔ اس شخص کو گزشتہ سال سعودی عرب میں اس کے کفیل نے مبینہ طور پر ہلاک کردیا تھا۔ متوفی محمد افسر انصاری کی بیوہ نوشبہ بانو نے اپنے شوہر کی نعش واپس لانے کیلئے اس عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس کی پیروی کرنے والے وکیل نے آج جسٹس جے آر میدھا کو مطلع کیا کہ سعودی عرب کے حکام اس نعش کومنتقل کررہے ہیں جو کل ہندوستان پہونچ جائے گی۔ وکیل نے کہا کہ وہ ( سعودی حکام ) نعش کو بھیج رہے ہیں جو توقع ہے کہ کل یہاں پہنچ جائے گی۔ مرکز نے22اپریل کو اس بنچ کو مطلع کیا تھا کہ توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ یہ نعش سعودی عرب سے ہندوستان لائی جائے گی۔ انصاری کا تعلق جھار کھنڈ سے تھا جس کو اس کے کفیل نے گزشتہ سال اس وقت مبینہ طور پر ہلاک کردیا تھا جب وہ ہندوستان واپس ہونا چاہتا تھا۔ نوشبہ بانو کی درخواست پر مرکز نے متوفی کی نعش واپس لانے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا جب نوشبہ بانو نے استدلال کیا تھا کہ نعش واپس لانے کیلئے عدالتی احکام کے باوجود عدم عمل آوری سے متعلقہ حکام تحقیر عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں۔ قبل ازیں نوشبہ کے وکیل نے عدالت سے کہا تھا کہ متوفی محمد افسر انصاری کے ورثاء کو ڈر ہے کہ ان کی نعش سعودی عرب میں ہی دفن کی جائے گی کیونکہ ہندوستانی سفارتخانہ نے کفیلوں کو صداقت نامہ عدم اعتراض( نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) جاری کردیا ہے۔