متوفی قیدی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پیش کرنے ہندوستان سے پاکستان کا مطالبہ

اسلام آباد۔/2 مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج ہندوستان سے مطالبہ کیاہے کہ وہ پاکستانی قیدی جو گزشتہ ماہ ہندوستانی جیل میں ساتھی قیدیوں کے حملہ میں مبینہ طور پر ہلاک ہوا تھا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقاتی تفصیلات فوری اس کے حوالے کردے۔ اس قیدی کی شناخت شکراللہ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ اسے جئے پور سنٹرل جیل میں ساتھی قیدیوں نے ہلاک کیا تھا۔ شکراللہ کو غیر قانونی سرگرمیوں کے تحت عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ان کی نعش کو آج واگھا۔ اٹاری سرحد پر پنجاب رینجرس کے حوالے کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔