متوفی طالبہ کے نتیجہ پر انٹر بورڈ کا موقف پھر تبدیل

کامیاب قرا ردینے کا فیصلہ چند گھنٹوںمیں واپس لے لیا گیا
حیدرآباد 2 جون ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کی ایک طالبہ نے امتحانی نتائج میں ناکام قرار دئے جانے کے بعد خود کشی کرلی تھی ۔ اس لڑکی کو پرچہ جات کی دوبارہ جانچ کے بعد کامیاب قرار دیا گیا تھا تاہم کامیاب قرار دینے کے اندرون چند گھنٹے انٹرمیڈیٹ بورڈ نے اس فیصلے کو بھی تبدیل کردیا اور کہا کہ یہ کلرک کی غلطی تھی ۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے نتائج میں مبینہ بد عنوانیوں کے بعد پرچوں کی دوبارہ جانچ کی تھی اور اس نے 27 مئی کو دوبارہ نتائج کا اعلان کیا تھا ۔ پرچوں کی دوبارہ جانچ کے مطابق سال اول انٹرمیڈیٹ کی اس متوفی طالبہ کو تلگو کے پرچہ اول میں 48 نشانات حاصل ہوئے تھے جبکہ پہلے نتائج میں اسے صرف 20 نشانات دئے گئے تھے ۔ اسے دوبارہ جانچ کے بعد کامیاب قرار دیا گیا تھا ۔ تاہم بورڈ نے ایسا کرنے کے چند ہی گھنٹوں میں ایک اعلامیہ جاری کیا اور کہا کہ متوفی لڑکی کے نشانات در اصل 21 ہیں اور غلطی سے 48 پیش کیا گیا تھا اور یہ کسی کلرک کی غلطی تھی ۔ اپنے موقف کی تائید میں بورڈ نے لڑکی کا 24 صفحات پر مشتمل جوابی بیاض بھی پیش کیا ہے ۔ بورڈ نے کہا کہ جس شخص سے یہ غلطی ہوئی ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی