متنگی مسجد کیس اسد اویسی اور دیگر بری

حیدرآباد۔ 29 ڈسمبر (این ایس ایس) سنگاریڈی کورٹ نے آج صدر مجلس اسدالدین اویسی اور ان کی پارٹی کے چار ارکان اسمبلی بشمول اکبرالدین اویسی کو متنگی مسجد کیس میں بری کردیا۔ واضح رہے کہ 16 مارچ 2005ء کو پولیس نے اسد اویسی کے علاوہ اکبر اویسی، احمد پاشاہ قادری، ممتاز احمد خاں اور معظم خاں کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ متنگی گاؤں میں روڈ کی توسیع کے سلسلے میں مسجد کو شہید کیا جارہا تھا ۔ ان پر عہدیداروں کے کام میں رکاوٹ بننے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اسداویسی نے 21 جنوری 2013ء کو عدالت میں خودسپردگی اختیار کی اور انہیں ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست مسترد کئے جانے کی وجہ سے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ بعدازاں وہ ضمانت پر رہا ہوئے۔ اسد اویسی نے عدالت کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ جاننا چاہا کہ کیا کانگریس پارٹی جو اس وقت آندھرا پردیش میں برسراقتدار تھی ، جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر معافی چاہے گی؟