متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا دستر خوان

دوبئی ۔11 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) عرب امارات کے شہریوں کویہ شرف حاصل ہے کہ رمضان المبارک شروع ہوتے ہی وہ رمضان دسترخوان سجا لیتے ہیں، جس کے لیے وہ اپنے گھروں کے آگے ٹینٹ لگاتے ہیں یا حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی جگہوں پر سحری اور افطاری دستر خوان سجا دیتے ہیں۔ ابوظہبی کی شیخ زید گرینڈ مسجد میں متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا دستر خوان سجایا گیا ہے۔جہاں 35 ہزا ر سے زائد افراد کے لئے مزیدار افطاری کا اہتمام کیاگیا، جہاں نا صرف مسلمان بلکہ غیر مسلم بھی خوب سیر ہوکر کھاناکھاتے ہیں۔اس افطاری کا اہتمام ہر سال کیا جاتا ہے جہاں روز 30سے 35 ہزار سے زائد افراد کو افطاری کروائی جاتی ہے۔اس نیک مقصد کیلئے خاص خیمے بھی نصب کئے جاتے ہیں جن میں ٹھنڈی ہوا اور وینٹیلیشن کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔افطار کے تقریبا ایک گھنٹے کے وقفہ کے بعد تمام بچ جانے والی اشیاء اٹھالی جاتی ہیں اور خیموں کی مکمل صفائی کی جاتی ہے تاکہ اگلے دن پھر سے یہ عمل دہرایا جاسکے۔