متحدہ عرب امارات میں تارکین وطن کیلئے نئے محنت قوانین

ابوظہبی ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات محنت اصلاحات متعارف کروا رہا ہے جن کا مقصد روزگار کے معاہدوں کی نگرانی سخت کردینا ہے جو لاکھوں عارضی تارکین وطن کارکنوں کے ساتھ کئے گئے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہیکہ موجودہ پالیسیاں کارکنوں کو ان کی سرپرست کمپنی کے رحم و کرم پر رکھتی ہیں جس کی وجہ سے ملازمین کا استحصال کیا جاتا ہے اور ان کے سامنے یا تو واپس چلے جانے یا اسی اہانت انگیز ماحول میں کام کرنے کے سوائے کوئی متبادل نہیں ہوتا۔ اصلاحات کا نفاذ 3 حکومتوں کے فرمانوں کے ذریعہ یکم ؍ جنوری سے نافذ ہوجائے گا۔ وزیر محنت سقر غوباش نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دارالحکومت ابوظہبی میں یہ انکشاف کیا۔ اصلاحات کا مرکز توجہ ملازمت کے قواعد و ضوابط کو بہتر اور شفاف بنانا، معاہدوں کی تنسیخ کی صورت میں اس کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات کرنا اور ملازمین کو اپنے کفیل کی تبدیلی کا اختیار فراہم کرنا ہوگا۔ حکومت قوانین محنت کے تحت کئے ہوئے معاہدوں کی نگرانی کرے گی۔