ماہ رمضان کے بعد بھی مساجد کو آباد رکھنے پر زور

مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( راست ) : بعض اوقات چھوٹی نیکی انسان کی بخشش کا ذریعہ بن جاتی ہے عید انعام و اکرام کا دن ہے نیکی کرنا کمال نہیں نیکی کو برقرار رکھنا کمال ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی نے عیدگاہ رحمانیہ نہرو نگر متصل رنگاریڈی کمان قطب اللہ پور میں نماز عید سے قبل مسلمانوں کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا حسامی نے کہا کہ یہ عید اور خوشی اسی کے لیے ہے جس نے ماہ رمضان میں روزوں اور تراویح اور قرآن کی تلاوت کا اہتمام کیا ۔ یہی اہتمام بعد رمضان کے بھی جاری رکھیں ۔ اللہ کا ارشاد اے ایمان والو اپنے گناہوں سے توبہ کرو سچی توبہ ایک حدیث میں حضورؐ کا ارشاد ہے گناہوں سے توبہ کرنے والا ایسا ہے جیسا کہ اس نے گناہ کیا ہی نہیں ۔ ماہ رمضان میں نیکیوں کی قیمت بڑھ گئی تھی اب نیکیوں کی قیمت حسب سابق کم ہوگئی ہے ۔ صدقہ فطر روزہ کی حالت میں چھوٹے چھوٹے گناہ جو ہوگئے اس کے ازالہ کا ذریعہ ہے ۔ اہل ثروت حضرات اپنا پیسہ غرباء اور اللہ کے راستے میں اچھے سے اچھا اور اپنا پسندیدہ مال خرچ کر کے اللہ کے فرمان یعنی نیکی کے اعلیٰ مقام کو حاصل کریں ۔ مولانا راہی نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج اپنے اپنے گناہوں سے معافی مانگیں آئندہ گناہ نہ کرنے کا ارادہ کریں ۔ انشاء اللہ ضرور اللہ توبہ کو قبول کرے گا ۔ انہوں نے بعد رمضان بھی مساجد کو آباد رکھنے پر زور دیا ۔ محمد رفیق پرنس سپلائنگ کمپنی ، محمد معراج ، شیخ محمد صابر نے عیدگاہ کے انتظامات میں حصہ لیا ۔۔