ماہ رمضان عبادات اور طاعات کا موسم خیر

ڈاکٹر حمید الدین شرفی کے حضرت تاج العرفاؒ یادگار خطابات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اہل ایمان آپس میں بھائی بھائی ہیں یہ تعلق دینی رابطہ اور اسلامی محبت کا نتیجہ ہے اور بلا شبہ یہ تعلق تمام دنیوی رشتوں سے کہیں زیادہ مضبوط ، پائیدار اور قوی ہے ۔ تمام مومنوں کی اصل ایک ہے ایمان ہی درحقیقت جدبہ اخوت کا موجب ہے ۔ ماہ رمضان المبارک نہایت موزوں موقع ہے کہ عبادات و طاعات کے اس موسم خیر میں اعمال صالحہ پر مداومت کی تربیت ، آنے والے دور میں مسلمانوں کو تقویٰ و پرہیزگاری کے راستوں پر قائم اور آپسی محبت ، اخوت ، موانست ، رحم و غمگساری کے رشتوں اور دینی رابطے کے بندھنوں میں مضبوطی کے ساتھ ایمان و اعمال صالحہ کی اساس پر جوڑے رکھ سکتی ہے ۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک نے 8 رمضان المبارک کو قبل نماز جمعہ جامع مسجد محبوب شاہی مالا کنٹہ روڈ روبرو معظم جاہی مارکٹ اور مسجد حسینی بنجارہ ہلز ، تین بجے دن مسجد درگاہ حضرات یوسفینؒ اور بعد نماز عصر حمیدیہ سبزی منڈی میں انیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء سیف شرفی یادگار خطابت کے 8 ویں دن کے اجلاسوں میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تمام فرض عبادتیں نماز ، روزہ ، زکواۃ اور حج تمام مسلمانوں کو ان کے آپسی تعلق اور دینی رشتہ اخوت کا ہر وقت احساس دلاتی اور اسے مضبوط اور قوی بناتی ہیں ۔ بالخصوص ماہ صیام میں یہ سلسلہ خیر زیادہ سرگرم رہتا ہے ۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ ایمان کی اصل نے سارے مسلمانوں کو ایک دوسرے سے جوڑ کر انہیں باہمی محبت ، موانست ، رحم و ہمدردی اور مروت ایثار سے نوازا ہے اور رشتہ اخوت کی قوت سے بہرہ مند کر کے ساری ملت کو جسد واحد بنادیا ہے کہ ایک کی خوشی سب کی خوشی اور ایک کا درد سب کا درد ہوگیا ایسی مثال کہیں نہیں ملتی ۔ انہوں نے علوم قرآن و حدیث سے مسلمانوں کی دلچسپی کو ثمرہ صالحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ علمی اثاثوں کی حفاظت اور تعلیمی مراکز کی صیانت و ترقی کے لیے مالی ایثار اور خدمات ہماری خصوصی روایت رہی ہے ۔ بعد نماز جمعہ بارگاہ رسالت پناہیؐ میں سلام گزرانا گیا اور دعائیں کی گئیں ۔۔