ماہ رمضان المبارک کے دوران بلا وقفہ برقی سربراہی

برقی کھپت میں اضافہ پر عارضی ٹرانسفارمرس کی تنصیب ، عہدیداروں کی تعیناتی
حیدرآباد۔8مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاوہ شہر کے مصروف ترین علاقوں میں جہاں ماہ رمضان المبارک کے دوران برقی کھپت میں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا ہے ان علاقوں میں بلا وقفہ برقی سربراہی کے اقدامات کو یقینی بنایا جاچکا ہے اور حیدرآباد ساؤتھ سرکل تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے سرکل میں اضافی عملہ اور ماہ رمضان المبارک کے لئے عارضی ٹرانفارمرس کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔جناب خواجہ عبدالرحمن سپرٹنڈنگ انجنیئر حیدرآباد ساؤتھ نے بتایا کہ ساؤتھ سرکل میں ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر جملہ 49 برقی ٹرانفامرس منظور کئے جا چکے ہیں تاکہ اضافی لوڈ سنبھالا جاسکے ۔ 49 عارضی برقی ٹرانسفارمرس میں 21 ٹرانسفارمرس 500Kva کے ہیں جبکہ 22 ٹرانسفارمرس 315Kva کے ہیں اسی طرح 160 KVA کے 6ٹرانسفارمرس دئے گئے ہیں ۔ جناب خواجہ عبدالرحمن نے بتایا کہ ان 49 میں سے 33برقی ٹرانسفارمرس کو نصب بھی کردیا گیا ہے جبکہ مابقی ٹرانفارمرس کی تنصیب کا عمل جاری ہے جو کہ اندرون دو یوم مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 49 عارضی برقی ٹرانسفارمرس کے علاوہ ہر ڈویژن کے لئے 8موبائیل برقی ٹرانسفارمرس موجود ہیں اور ساؤتھ زون میں جملہ 24 ٹرانسفارمرس کو تیار کرلیا گیا ہے تاکہ ہنگامی حالات میں ان کی خدمات حاصل کی جاسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ سرکل میں موجود تینوں ڈیویژن چارمینار‘ آسمان گڑھ اور بیگم بازار میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے علاوہ برقی منقطع ہونے کی صورت میں فوری بحالی کیلئے اضافی عملہ کو تعینات کیا گیا ہے جس میں 25افراد کو چارمینار ڈویژن میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ آسمان گڑھ اور بیگم بازار میں 15افراد کو متعین کیا گیا ہے۔سپرنٹنڈنگ انجنئیرساؤتھ سرکل نے بتایا کہ پرانے شہر کے علاقوں کے علاوہ شہر کے تجارتی مراکز میں ماہ رمضان المبارک کے دوران برقی طلب میں اضافہ ریکارڈ کیا جا تا ہے اور اس اضافہ سے نمٹنے کے لئے محکمہ برقی کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور تاریخی مکہ مسجد میں جناب محمد انور پاشاہ ڈویژنل انجنیئر چارمینار کو متعین کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں وہ فوری کاروائی کو یقینی بنا سکیں۔جناب محمد انور پاشاہ مکہ مسجد میں نماز تراویح کے اختتام تک موجود رہتے ہیں اور بعد ازاں سی پی ڈی کے دفتر میں رپورٹ کے بعد روانہ ہوتے ہیں۔جناب خواجہ عبدالرحمن نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں کے مسلم غالب آبادی والے علاقو ںمیں معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کافی بہتر انداز میں کئے گئے ہیں اور سردار محل میں بنائے گئے 24X7 کال سنٹر پر محکمہ برقی کے عہدیدارو ںکو بھی متعین کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی شکایات کی صورت میں فوری کاروائی کرتے ہوئے اقدامات کئے جاسکیں۔انہو ںنے بتایاکہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے درکار عملہ کے علاوہ سامان کی بھی قبل از وقت فراہمی یقینی بنائے جانے کے سبب مرمتی کاموں کی تکمیل کی جاچکی ہے۔