ماہ رمضان المبارک میں بلا وقفہ برقی سربراہی

مساجد کے قریب خصوصی انتظامات ، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔29اپریل(سیاست نیوز) ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے ماہ رمضان المبارک کی آمد کے سلسلہ میں سرکاری سطح پر انتظامات کے لئے جائزہ اجلاس منعقد کیا اور عہدیداروں کو ہدایات دی کہ وہ ماہ رمضان المبار ک کے دوران مساجد کے قریب خصوصی صفائی کے انتظامات کے علاوہ بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔کے ایشور کی جانب سے طلب کئے گئے اس جائزہ اجلاس میںمشیر برائے اقلیتی بہبود اے کے خان‘ کمشنر پولیس انجنی کمار’ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد دانا کشور‘ ڈی سی پی ٹریفک کے بابو راؤ‘ شاہنواز قاسم ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کی 832مساجد میں رمضان گفٹ کی تقسیم کے علاوہ ان مساجد میں دعوت افطار کے اہتمام کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کی جملہ 832 مساجد میں دعوت افطار اور تحفۂ رمضان المبارک کی تقسیم کو منظوری دے دی گئی ہے جن میں 448 مساجد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود ہیں جبکہ مابقی 32 اضلاع میں 367 مساجد میں دعوت افطار کے اہتمام کے علاوہ رمضان گفٹ پیاک کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تمام مساجد کے قریب خصوصی روشنیوں کے انتظامات کے علاوہ شہر حیدرآباد کی سرکردہ مساجد کے قریب مکمل صفائی اور جاروب کشی کے ساتھ ادویات کے چھڑکاؤ کا انتظام کیا جائے گا۔ریاستی حکومت کی جانب سے تمام محکمہ جات بالخصوص محکمہ پولیس‘ بلدیہ کے علاوہ ٹریفک پولیس اور محکمہ برقی کو اس بات کی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے شعبہ کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں بلکہ ریاستی حکومت کی جانب سے دی جانے والی تمام ہدایات پرمن و عن عمل آوری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر شہر حیدرآباد کے حدود میں سڑکوں کی مرمت اور جن مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات ہیں انہیں دور کرنے کے اقدامات کریں۔اس کے علاوہ شہر کے بازاروں میں گرمی کے پیش نظر میڈیکل کیمپ کے انعقاد کی ہدایت دیتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ محکمہ صحت کے تعاون سے شہر کے ان علاقوں میں جہاں عوامی اژدہام زیادہ ہوتا ہے ان مقامات پر میڈیکل کیمپ لگائے جائیں اور کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کیلئے ہمیشہ تیار رہیں۔ اجلاس کے دوران وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران ٹریفک کی آمد و رفت کو بھی درست رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔