ماہ اگست میں تلنگانہ ریاستی کابینہ میں توسیع متوقع

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( ایجنسیز ) : تلنگانہ ریاستی کابینہ میں ماہ اگست کے دوسرے ہفتہ میں توسیع متوقع ہے جب کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ناپسندیدہ دنوں مودھم کے گذر جانے کا انتظار کررہے ہیں ۔ کے سی آر نے ایم سی آر ایچ آر ڈی انسٹی ٹیوٹ میں عہدیداروں سے بات چیت کے دوران بتایا تھا کہ کابینہ میں جولائی کے اختتام تک توسیع کی جائے گی ۔ تاہم ٹی آر ایس قائد نے اگست کے دوسرے ہفتہ میں کابینہ میں توسیع کی بات بتائی جب کہ 7 اگست کے بعد اچھے دنوں کا آغاز ہندو عقیدہ کے مطابق ہوتا ہے ۔ ٹی آر ایس ذرائع نے بتایا کہ کابینہ میں توسیع ریاستی بجٹ سیشن پر بھی منحصر ہے اور اگر بجٹ سیشن اگست کے دوسرے ہفتہ میں منعقد ہوتا ہے تب کابینہ میں توسیع نہیں ہوگی جب کہ ایک دو دن میں بجٹ سیشن کے انعقاد کا فیصلہ لیا جائے گا ۔ ٹی آر ایس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ بشمول چیف منسٹر موجودہ تلنگانہ وزارت 12 وزراء پر مشتمل ہے اور توسیع کی جاتی ہے تب 6 مزید وزراء کو قلمندان تفویض کئے جاسکتے ہیں ۔ ضلع ورنگل کے جلگم وینکٹ راؤ ، محبوب نگر کے سرینواس گوڑ ، سابق وزیر جے کرشنا راؤ ، سی لکشمن ریڈی وزارت کی دوڑ میں شامل طاقتور امیدوار ہیں ۔۔