ماہانہ 10 ہزار روپئے کرائے پر زوم کاریں دستیاب

میٹرو ریلوے مسافرین کیلئے منفرد سہولت، یومیہ استعمال کی بھی سہولت دستیاب

حیدرآباد ۔ 23 جون (سیاست نیوز) میٹرو ریل میں سفر کرنے والے مسافرین کیلئے بائیک اور سیکل کے بعد اب کار بھی کرائے پر دستیاب ہوگی اور وہ بھی خود چلا سکتے ہیں جبکہ ماہانہ 10 ہزار روپئے کے کرائے پر بھی کار حاصل کی جاسکتی ہے۔ تفصیلات کے بموجب کرائے پر کاریں دینے والی ایجنسی ’’زوم کار‘‘ نے میاں پور میٹرو ریلوے اسٹیشن پر اس سہولیات کا افتتاح کیا ہے۔ مسافرین ان برقی کاروں کو فی کیلو میٹر 8.50 روپئے کے اعتبار سے حاصل کرسکتے ہیں جبکہ یہ کاریں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ اور مادھاپور پر ان کیلئے تیار کردہ مخصوص پارکنگ مقامات پر پارک بھی کرسکتے ہیں جبکہ ماہانہ 10 ہزار روپئے کرائے کے اعتبار سے بھی ان کاروں کو اپنے ڈرائیونگ کیلئے کرایہ پر حاصل کیا جاسکتا ہے جس میں کیلو میٹرس کی کوئی قید نہیں ہوگی۔ دلچسپ بات یہ بھی ہیکہ ایک مسافر اپنی کار کسی اور مسافر کے ساتھ بانٹ بھی سکتا ہے یعنی اس میں شیئرنگ کی سہولت بھی دستیاب ہے جوکہ کیلو میٹرس کی بنیاد پر دستیاب ہوگی۔ کار حاصل کرنے والے خواہشمند حضرات کو ’’زوم کار ایپ‘‘ انسٹال کرنے کے بعد اپنے نام اور ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ماہانہ کرایہ کے ساتھ رجسٹریشن کروانا پڑے گا جس کے بعد وہ کار اپنے دفتر یا گھر پر پارک بھی کرسکتے ہیں۔ نیز کمپنی کی جانب سے صارف کے گھر پر کار کی چارجنگ کی کٹ نصب کردی جائے گی جس سے وہ اپنی کار کی چارجنگ بھی کرسکیں اور ایک مرتبہ کار کو مکمل چارجنگ کرلیا جائے تو وہ 120 کیلو میٹرس چلے گی۔ امید کی جارہی ہیکہ عنقریب ان کاروں کو دیگر میٹرو ریلوے اسٹیشنوں تک وسعت دی جائے گی۔