مانچسٹر یونائیٹڈ یورپ کا امیرترین فٹبال کلب

مانچسٹر ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام )یورپی فٹبال کلب کی تجارتی قدر کو متعین کرنے والے ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق ’مانچسٹر یونائیٹڈ‘ اس وقت یورپ کا انتہائی قابل قدر فٹبال کلب بن چکا ہے۔بزنس سروس گروپ ‘کے پی ایم جی’ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں اسپین کے مشہور و معروف فٹبال کلب ریئل میڈریڈ اور بارسلونا بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔مانچسٹر یونائیٹڈ نے حال ہی میں یورپا کپ کے فائنل میں ایاکس کو 0-2 سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔ای ایس پی این کی ایک رپورٹ کے مطابق انگلش کلب کی قدر اس وقت 3 ارب یورو سے زائد ہے جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پرموجود کلب کی قیمت 2 ارب 89 کروڑ یورو ہے، اس کے علاوہ فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ٹیم بارسلونا کی قدر 2 ارب 68 کروڑ یورو ہے۔کے پی ایم جی دنیا کی چار بڑی آڈیٹنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے، جس نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ دنیا کا پہلا کلب ہے جس کی قدر 3 ارب یورو سے تجاوز کر گئی ہے۔اس تحقیق کے مصنف اور کے پی ایم جی عالمی کھیلوں کے سربراہ اینڈریا سارٹوری نے کہا کہ یورپ کے سرفہرست 32 کلبوں کی مجموعی قدر سے پتا چلتا ہے کہ دنیا بھر میں فٹبال کی بحیثیت صنعت قدر میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپ کے 32 فٹبال کلبوں پر تحقیق ہوئی جس میں ان کے براڈ کاسٹنگ حقوق، منافع، تشہری، ٹیم کی جیتنے کی صلاحیت اور اسٹیڈیم کی ملکیت کا جائزہ لیا گیا۔دنیا کے 3 انتہائی قابل قدر فٹبال کلب اس طرح ہیں۔انگلش پریمیئر لیگ کے مانچسٹر یونائیٹڈ کی قدر 3.004 ارب یورو۔اسپین کے فٹبال کلب ریال میڈریڈ کی قدر 2.895 ارب یورو۔اسپین کے فٹبال کلب بارسلونا کی قدر 2.688 ارب یورو۔