مانو میں قومی اُردو سائنس کانگریس کاآج افتتاح

ڈاکٹر سراج اظہر ، مشی گن یونیورسٹی مہمانِ خصوصی۔ کاروانِ سائنس کا رسم اجرا
حیدرآباد، 27؍ فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں اردو مرکز برائے فروغِ علوم (سی پی کے یو) اور اسکول برائے سائنسی علوم کے اشتراک سے قومی اردو سائنس کانگریس 2019 کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ افتتاحی اجلاس جمعرات ، 28؍ فروری کو 9:30 بجے صبح ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔ ممتاز اسکالر ڈاکٹر قاضی سراج اظہر، مشی گن یونیورسٹی، امریکہ مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر صدارت کریں گے۔ ڈاکٹر عابد معز، کنسلٹنٹ، سی پی کے یو کے و کنوینر کانگریس کے بموجب پروفیسر زاہد حسین، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور ڈاکٹر قیصر جمیل، مہاویر میڈیکل ریسرچ سنٹر، مہمانانِ اعزازی ہوں گے۔ ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار خطبۂ استقبالیہ پیش کریں گے۔ اس موقع پر یونیورسٹی نظامت ترجمہ و اشاعت کی جانب سے شائع کردہ تین سائنسی موضوعات پر کتابیں ’’بنیادی اصولِ حشریات‘‘ مصنف ڈاکٹر شمس الاسلام فاروقی؛ ’’توضیحی فرہنگ (غذا اور تغذیہ)‘‘ مصنف ڈاکٹر عابد معز، ڈیجیٹل الکٹرانکس اینڈ کمپیوٹر آرکٹیکچر‘‘مصنف محبوب الحق کی رسم اجرا عمل میں آئے گی۔ ڈاکٹر آمنہ تحسین نظامت کریں گی۔ دوپہر 2:30 بجے لائبریری آڈیٹوریم میں اردو کے منفرد ماہنامہ ’’سائنس‘‘ کے 25 سال کی تکمیل پر میگزین کے جائزہ پر مبنی ڈاکٹر عبدالمعز شمس کی تدوین و ترتیب (انجمن فروغِ سائنس، علی گڑھ کی پیشکش)’’کاروانِ سائنس‘‘ کی رسم اجرا کی تقریب عمل میں آئے گی۔ ڈاکٹر عبدالمعز شمس، ڈاکٹر بی بی رضا خاتون، اسعد فیصل فاروقی اظہار خیال کریں گے۔