مانسون کی 4جون کو کرناٹک آمد

بنگالورو، 31مئی (سیاست ڈاٹ کام ) مسلسل کئی سال سے خشک سالی کا سامنا کرنے والی ریاست کے لئے ایک بڑی راحت ہے کیوں کہ جنوب مغربی مانسون توقع ہے کہ 4جون کو ریاست سے ٹکرائے گا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اس سال معمول کی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جس سے کسان راحت کی سانس لے سکتے ہیں۔ تاہم اس کے لئے ریاست میں بارش سے پہلے دور درازحصوں میں مزید چند دن درکار ہوں گے۔ اسی دوران خلیج بنگال میں ایک اور ہوا کے دباؤ کے سبب ساحلی کرناٹک ،ٹاملناڈو جنوبی دور دراز کرناٹک کے علاقوں میں بارش کے موسم سے پہلے شدید بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ساحلی اور جنوبی دور درازکرناٹک میں شدید بارش کا امکان ہے۔
گائے کو قومی جانور قرار دیا جائے
راجستھان ہائیکورٹ کی رائے
جئے پور ، 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان ہائی کورٹ نے آج ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ مرکز سے ارتباط رکھتے ہوئے گائے کو قومی جانور قرار دینے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ جسٹس مہیش چند شرما کی سنگل جج بنچ نے کہا کہ ریاست کے چیف سکریٹری اور ایڈوکیٹ جنرل گائے کے قانونی سرپرست ہوا کریں گے۔ انھوں نے اپنے حکمنامہ میں کہا کہ نیپال ہندو قوم ہے اور گائے کو قومی جانور قرار دے چکی ہے۔ ہندوستان غالب زراعتی ملک ہے جس کا انحصار مویشی پالن پر ہوتا ہے۔ آرٹیکل 48 اور 51A(g) کے مطابق ریاستی حکومت سے توقع رہتی ہے کہ وہ سرگرمی دکھاتے ہوئے اس ملک میں گائے کیلئے قانونی تحفظ کے حصول کی سعی کرے۔