مانسون کی کیرالا کی طرف بتدریج پیشرفت

5 تا 8 جون ساحل کیرالا پہونچنے کا امکان ،اچھی بارش کا انتظار
حیدرآباد /31 مئی ( سیاست نیوز ) جنوب مغربی مانسون اب رفتار پکڑنے لگا ہے ۔ بحیرہ انڈمان پر زائد از ایک ہفتہ رکے رہنے کے بعد یہ پیشرفت ہو رہی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آج رپورٹ دی ہے کہ مانسون ساحل کیرالا سے جلد ہی قریب پہونچ جائے گا ۔ 5 تا 8 جون کے درمیان مانسون کیرالا میں پہونچ جانے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ گذشتہ سال کے مقابل مانسون انڈمان کے پاس معمول سے پانچ روز زیادہ رکا رہا جس کی وجہ سے ہندوستانی خطہ تک پہونچنے میں چند دن کی تاخیر ہو رہی ہے ۔ مانسون کی آمد میں تاخیر کا مطلب ہے کہ ملک بھر میں گرمائی حدت میں توسیع ہوجائے گی ۔ ملک کے کئی حصہ میں درجہ حرارت 45 ڈسگری سیلسیس سے آگے بڑھ چکا ہے ۔ خاص طور پر وسطی اور مغربی خطوں کے ساتھ ساتھ شمالی میدانی علاقوں میں شدت کی گرمی ہو رہی ہے ۔ اسی طرح حیدرآباد میں بھی جاریہ سال شدید گرمی کی لہر دیکھنے میں آرہی ہے ۔ موسم گرما کے بعد بارش کا سیزن اچھا ہونا ہندوستان کیلئے بہت ضروری ہے کیونکہ کئی ریاستوں کو پانی کا قلت کا سامنا ہے ۔ ٹالمناڈو اور کیرلا کے علاوہ ودربھ ، مرٹھواڑہ ، مدھیہ مہاراشٹرا ، راجستھان اور گجرات کے کئی خطے پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں ۔ ہندوستان کے بعض حصوں میں ضرورت سے زیادہ بارش ہوجاتی ہے اور بعض دیگر حصے معقول بارش سے محروم رہتے ہیں ۔ اگر اس مرتبہ بھی بارش کے معاملے میں اسی طرح کا بے اعتدال پیش آئے تو کئی ریاستوں کیلئے پانی کے شدید مسائل پیدا ہوجائیں گے ۔