مانسون نے معمول سے 17 دن قبل سارے ملک کا احاطہ کرلیا

نئی دہلی 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی محکمہ موسمیات نے آج کہاکہ مانسون نے معمول سے 17 دن قبل سارے ملک کا احاطہ کرلیا ہے۔ مانسون راجستھان کے سری گنگا نگر پہونچ گیا جو اس ملک میں اس کی رسائی کا آخری مقام ہے۔ مغربی راجستھان کے سری گنگا نگر میں بالعموم 15 جولائی کو مانسون پہونچتا ہے۔ یہ مانسون یکم جولائی کو سارے ملک کا احاطہ کرے گا لیکن مغربی راجستھان میں موخر بارش ہوتی ہے۔ لیکن رواں سال بہتر مشرقی بارشوں کے سبب مانسون اپنے مقررہ وقت سے قبل ہی سارے ملک کا احاطہ کرلیا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل مرتینجے موہاپاترا نے کہاکہ ’’مانسون نے آج سارے ملک کا احاطہ کرلیا‘‘۔ بالعموم چار ماہ طویل موسم برسات یکم جون سے شروع ہوگا اور 30 ستمبر تک ختم ہوگا۔ رواں سال مانسون اپنے مقررہ وقت یکم جون سے تین دن قبل 29 مئی کو کیرالا سے ٹکرایا تھا۔ یہ مانسون جون کے پہلے نصف کے دوران مغربی ساحل سے ٹکراتا ہے۔ تاہم اس مانسون نے مختصر سست روی کے بعد تیز رفتار پیشقدمی کی ہے۔