مانجھی کی این ڈی اے سے علحدگی ، مہاگٹھ بندھن میںشمولیت کا فیصلہ

مانجھی کے گٹھ بندھن میں آنے سے ملک کی سیاست کروٹ لے گی‘کانگریس کا خیال
پٹنہ، 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے سابق وزیر اعلی اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے صدر جتن رام مانجھی نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) سے اپنے سیاسی تعلقات کو ختم کرکے مھاگٹھ بندھن میں شامل ہونے کا آج اعلان کیا۔مسٹر مانجھی نے یہاں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ وہ اب این ڈی اے کا حصہ نہیں ہیں اور اس کا رسمی اعلان جمعرات کو صبح 10بجے کریں گے ۔ ‘ ہم’ صدر نے کہا”این ڈی اے سے الگ ہونے کے وجوہات کا انکشاف جمعرات کو صبح منعقد پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔مھاگٹھ بندھن میں شامل ہونے کے بارے میں مسٹرتیجسوی یادو کے ساتھ میٹنگ میں بات چیت کی گئی ہے اور اب صرف رسمی اعلان کرنا باقی ہے ”۔دریں اثناء بہار کانگریس نے حکمراں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے میں شامل ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر جیتن رام مانجھی کے این ڈی اے کو چھوڑ کر مہا گٹھ بندھن میں شامل ہونے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے آج کہا کہ اس سے نہ صرف ریاست بلکہ ملک کی سیاست بھی کروٹ لے گی۔ کانگریس قانون سازی پارٹی کے رہنماسدانند سنگھ نے یہاں کہا کہ مسٹر مانجھی پرانے کانگریسی رہے ہیں۔ وہ ہمارے نظریات کے موافق ہیں لیکن حالات کی بنا پر وہ دوسری جماعتوں اور اتحادوں میں چلے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مانجھی کے عظیم اتحاد میں شامل ہونے سے نہ صرف ریاست بلکہ ملک کی سیاست بھی کروٹ لے گی۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ مسٹر مانجھی بہار کے ایک باوقار رہنما ہیں،وہ مہادلت سماج کے قائد بھی ہیں۔ این ڈی اے میں ان کو اہمیت نہیں دی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے عوام نے این ڈی اے کے خلاف مہا گٹھ بندھن کو حکومت بنانے کا حق دیا تھا لیکن این ڈی اے غلط طریقہ سے حکومت پر قابض ہوگئی ہے جو عوام کے فیصلہ کے ساتھ کھلی نا انصافی ہے ۔