مالی پریشانیوں پر دو افراد کی خودکشی

حیدرآباد 30 جنوری (سیاست نیوز) مالی پریشانیوں کے سبب دو افراد کی خودکشی کے علیحدہ واقعات تکارام گیٹ اور مہیشورم پولیس حدود میں پیش آئے۔ تکارام گیٹ پولیس کے مطابق 45 سالہ محمد شیخ جو اڈہ گٹہ علاقہ کے ساکن خواجہ میاں کا بیٹا تھا، پیشہ سے ترکاری فروش بتایا گیا۔ اس شخص کو شدید مالی پریشانیوں کا سامنا تھا۔ 27 جنوری کو اس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا جس کی علاج کے دوران آج موت ہوگئی۔ مہیشورم پولیس کے مطابق 25 سالہ جی کمار جو محبت نگر میں رہتا تھا، 4 سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی اور اسے ایک بیٹی تھی۔ کمار گزشتہ چند ماہ سے بے روزگار تھا اور اس دوران کثرت سے شراب نوشی کررہا تھا۔ گزشتہ روز اس کی بیٹی بیمار ہوگئی جسے وہ دواخانہ لے گیا تھا، جس کے بعد اس نے خودسوزی کرلی اور علاج کے دوران وہ رات دیر گئے فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے۔