مالک کے فلیٹ میں ملازم کا سرقہ ، برقعہ کا استعمال

اوم پرکاش سی سی ٹی وی سے گرفتار ، مسروقہ مال و رقم ضبط
حیدرآباد۔ /29 اپریل (سیاست نیوز) نامپلی پولیس نے ایک ایسے شاطر سارق کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی جس نے اپنے مالک کے فلیٹ میں برقعہ پہن کر  سرقہ کی واردات انجام دی ۔ 28 سالہ اوم پرکاش ساکن بھگت سنگھ نگر یاپرال ، کارپوریٹ باؤنٹیس گفٹ آرٹیکلس کی دوکان چلانے والے سریکانت کے پاس ملازمت کرتا تھا ۔ /26 اپریل کو اپنے مالک جس کا فلیٹ ایکسپریس اپارٹمنٹ لکڑی کا پل اے بلاک میں واقع ہے میں سرقہ کی نیت سے اُس نے سکندرآباد علاقہ سے ایک برقعہ ، دستانے اور اسکاف خریدا اور اپنی شناخت کو پوشیدہ رکھنے کیلئے سریکانت کے فلیٹ میں داخل ہوکر 44 تولہ طلائی زیورات ، 30 ہزار نقد رقم کا سرقہ کرلیا تھا ۔ ملزم اوم پرکاش انوراگ اس بات سے واقف تھا کہ ایکسپریس اپارٹمنٹ مکمل طور پر سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس ہے اور اپنی شناخت کو پوشیدہ رکھنے کیلئے اُس نے برقعہ کا استعمال کیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون مسٹر وی بی کملاسن ریڈی نے بتایا کہ اوم پرکاش انوراگ درخواست گزار سری کانت کی دوکان جو ایکسپریس اپارٹمنٹ کے بی بلاک میں واقع ہے میں ملازمت کیا کرتا تھا اور اپنے مالک کے فلیٹ سے بخوبی واقف تھا اور اُس نے موقع دیکھ کر اپارٹمنٹ کے قفل کی چابیاں حاصل کرلی تھیں ۔ ملزم نے اپنے آپ کو مکمل طور پر برقعہ میں ملبوس ہونے کا فائدہ اٹھایا لیکن وہ پولیس کی نظر سے نہیں بچ سکا ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کے تجزیہ پر پولیس کو یہ شبہ ہوا کہ سارق کوئی اور نہیں اوم پرکاش انوراگ ہے ۔ چونکہ وہ لنگڑ کر چلتا تھا اور پولیس نے اس کے لنگڑے پن کی بنیاد پر اُسے حراست میں لیکر تفتیش کی جس میں اُس نے سرقہ کا انکشاف کیا ۔ پولیس نے مسروقہ طلائی زیورات اور نقد رقم برآمد کرلیا ۔