مالکین سریتا اسٹیلس اینڈ انڈسٹریز کے جائیدادیں قرق

حیدرآباد ۔ 30 جنوری ۔ ( سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ حیدرآباد زون نے سریتا اسٹیلس اینڈ انڈسٹریز اور اُس کے مالکین کی 3.3 کروڑ مالیتی جائیدادوں کو قرق کرلیا ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب سریتا اسٹیل کے خلاف سی بی آئی کے بینک فراڈ سیل بنگلور نے مقدمہ درج کرتے ہوئے 31 ڈسمبر 2007 کو چارج شیٹ بھی داخل کی تھی اور اُن پر الزام عائد کیا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے غیرمجاز طورپر بغیر کوئی لین دین کے بڑے پیمانے پر قرض حاصل کیا تھا جس سے عوامی مالیاتی ادارے کو 8.81 کروڑ کا نقصان ہوا تھا ۔ سی بی آئی کی تحقیقات کے پیش نظر اس کیس کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حوالے کردیا گیا تھا جو منی لانڈرنگ ایکٹ 2002 ء کے تحت تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے یہ پتہ لگایا تھا کہ سریتا اسٹیلس لمیٹیڈ کے چیف منیجنگ ڈائرکٹر جی ایشور راؤ نے بغیر کوئی رقمی لین دین کے صرف دستاویزات پر معاملت ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے بینک کو کروڑہا روپئے کا نقصان پہنچایا تھا ۔ سال 2014 ء میں بھی 5.499 کروڑ مالیتی جائیدادوں کو قرق کیا گیا تھا ۔