مالدیپ میں عالمی وکلاء گرفتار اور ملک بدر

کولمبو ۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) مالدیپ نے ساری دنیا سے آنے والے وکلاء کے ایک گروپ کو گرفتار کر کے انہیں ملک بدر کردیا ہے ۔ یہ وکلاء گڑبڑھ زدہ ہنی مون والے جزائر کا دورہ کرتے ہوئے یہاں کی صورتحال کا جائزہ لینے کی کوشش کررہے تھے ۔ مالدیپ میں ایمرجنسی احکامات نافذ ہیں ۔ ریجنل لائرس اسوسی ایشن کے لاء ایشیاء نے کہا کہ اس نے اپنے چار ارکان کو مالدیپ روانہ کیا تھا تاکہ صدر عبداللہ یامین کی جانب سے نافذ کردہ ایمرجنسی کے بعد وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے اور یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے احکام کی روشنی میں کیا گیا تھا ۔ صدر مالدیپ نے حالیہ برسوں میں بڑے پیمانہ پر گرفتاریاں کر کے کئی اہم حکومت کے ناقدین کو جیل میں ڈال دیا ہے جن میں اپوزیشن قائدین اور برطرف شدہ ارکان پارلیمنٹ بھی شامل ہیں ۔قبل ازیں اس ماہ کے اوائل میں یامین نے چیف جسٹس اور دیگر سینئر ججس کو برطرف کرتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کی تھی ۔ اس کے خلاف عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی تھی۔