ماقبل چناؤ کوئی اتحاد نہیں : بی ایس پی

نئی دہلی ۔ 13 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ماقبل چناؤ اتحاد کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی ( بی ایس پی ) نے آج کہا کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات تنہا لڑے گی ۔ سینئر بی ایس پی لیڈر ستیش چندرا مصرا نے ایسی رپورٹس کو بے بنیاد بتایا کہ کانگریس اور بی ایس پی قائدین ماقبل چناؤ اتحاد قائم کرنے کے مسئلے پر ربط میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بی ایس پی کی ہمیشہ پالیسی رہی ہے کہ انتخابات تنہا لڑے جائیں ۔ ’’آپ یہ سوال میڈیا میں ایسی قیاس آرائیوں کے پیش نظر پوچھ رہے ہیں کہ بی ایس پی کا ممکنہ ماقبل چناؤ اتحاد ہوسکتا ہے ۔ یہ ہماری پالیسی ہے کہ انتخابات اپنے بل بوتے پر لڑے جائیں ۔ ابھی کیا بدلہ ہے کہ ہم ہماری پالیسی تبدیل کردیں؟ ماقبل چناؤ اتحاد قائم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور ہم 543 لوک سبھا نشستوں پر چناؤ اپنے بل پر لڑنے جارہے ہیں‘‘۔