ماسٹرز گیمز میں 100 سالہ رنر انڈیا کی خاتون سے حوصلہ

وینکوور (برٹش کولمبیا)، 30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی من کور کو تقریباً دیڑھ منٹ درکار ہوئے کہ انھوں نے 100 میٹر کی دوڑ میں فنیش لائن عبور کی، لیکن پھر بھی انھیں امریکن ماسٹرز گیمز میں دوشنبہ کو گولڈ میڈل حاصل ہوا۔ یہ اس لئے کہ 100 سالہ من کور معمر اتھلیٹس کیلئے اس کامپٹیشن میں اُن کی عمر والے زمرہ میں واحد خاتون رنر رہیں۔ وینکوور میں جب انھوں نے اختتامی لائن عبور کی تو ایونٹ کے متعدد شرکاء جن کی عمریں 70 اور 80 کے دہوں میں ہیں، بڑی گرمجوشی سے انھیں داد و تحسین دے رہے تھے۔ من کور کی چستی اور مسابقت کا جذبہ زائد از 30 سال والے اتھلیٹس کیلئے اس منفرد انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکاء کیلئے تحریک و حوصلہ بن چکے ہیں۔ ورلڈ ماسٹرز گیمز ہر چار سال میں منعقد ہوتے ہیں اور اس درمیان ریجنل گیمز رہتے ہیں۔ وینکوور میں امریکاز ماسٹرز گیمز ، نارتھ امریکا میں پہلے سمر ریجنل گیمز ہیں۔