مائیکل راجرز این ایس اے کے سربراہ نامزد

واشنگٹن ، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے نیوی کے اعلیٰ سائبر کمانڈر وائس ایڈمرل مائیکل راجرز کو نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے نئے سربراہ کے طور پر نامزد کر دیا ہے۔ ناقدین نے اس اقدام کو اس الیکٹرانک جاسوس ایجنسی کی ساکھ کی بحالی کی کوشش سے تعبیر کیا ہے۔ یو ایس فلیٹ سائبر کمانڈ کے سربراہ اور رمز شناسی کے ماہر وائس ایڈمرل راجرز قومی سلامتی ایجنسی کے موجودہ سربراہ جنرل کیتھ الیگزینڈر کی جگہ لیں گے۔ ساتھ ہی راجرز یو ا
یس سائبر کمانڈ کی بھی سربراہی کریں گے۔

روس میں دو مشتبہ بمباروں کی شناخت
ماسکو ، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) روس میں انسداد دہشت گردی کی ایجنسی نے بتایا کہ جنوبی شہر وولگو گراڈ سے دو مشتبہ خودکش بمباروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایجنسی کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں ان کے دو مشتبہ ساتھیوں کو بھی حراست میں لینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ڈسمبر میں روس میں پیش آئے دو بم دھماکوں میں 34 افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ ہے جبکہ سوچی میں اگلے ہفتے شروع ہونے والے سرمائی اولمپکس کی وجہ سے بھی ملک بھر میں سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ تفتیش کار ابھی یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے کہ ڈسمبر کے بم دھماکے کس نے کئے۔