ماؤیسٹ لیڈر راما کرشنا کو گزند نہ پہونچے عدالت کی اے پی پولیس کو ہدایت

حیدرآباد 31 اکٹوبر ( این ایس ایس ) ماویسٹ لیڈر راما کرشنا کے لاپتہ ہونے کا سخت نوٹ لیتے ہوئے حیدرآباد ہائیکورٹ نے آج حکومت آندھرا پردیش کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ لاپتہ ماؤیسٹ لیڈر کو کوئی جسمانی گزند نہ پہونچنے پائے ۔ ہائیکورٹ میں ماؤیسٹ لیڈر کی شریک حیات سریشا کی درخواست کی سماعت ہورہی تھی ۔ اس درخواست میں سریشا نے استدعا کی کہ ان کے لاپتہ شوہر کو عدالت میں پیش کیا جائے ۔ سریشا کو شبہ ہے کہ وہ آندھرا پردیش پولیس کی تحویل میں ہیں۔ واضح رہے کہ یہ کہا جارہا ہے کہ راما کرشنا 23/24 اکٹوبر کو آندھرا ۔ اوڈیشہ سرحد پر ہوئے انکاؤنٹر میں موجود تھے ۔ اس انکاؤنٹر میں 24 نکسلائیٹس ہلاک ہوئے تھے ۔ کہا گیا ہے کہ اس مبینہ فرضی انکاؤنٹر میں اعلی ماؤیسٹ قائدین زخمی ہوئے تھے اور وہ یہاں سے فرار ہوگئے ۔ تاہم سیول لبرٹیز قائدین اور سریشا کا ادعا ہے کہ پولیس نے راما کرشنا کو گرفتار کرلیا تھا اور انہیں شبہ ہے کہ راما کرشنا کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے ۔ اسی لئے عدالت میںدرخواست دائر کی گئی ہے ۔