لیڈروں نے اگر کالادھن بیرون ملک نہ جمع کیا ہوتا تو امریکی فوجی امداد کی ضرورت ہی نہ ہوتی :عمران خان

اسلام آباد۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ہمارے رہنماؤں نے کالادھن ملک کے باہر خفیہ بنک کھاتوں میں نہ جمع کیا ہوتا تو آج پاکستان کو وہ خفت نہ ہوتی جو فوجی امداد بند کرنے کے امریکہ کے فیصلے سے اٹھانی پڑی ہے ۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سربراہ نے کل یہاں کہا کہ دھوکے باز عوام نہیں بلکہ نواز شریف جیسے لیڈر ہیں کیونکہ ایسے حکمران اپنی حد سے بڑھی ہوئی لالچ کی وجہ سے منی لانڈرنگ میں ملوث ہوتے ہیں ۔ عمران خان اس ٹویٹ کی طرف اشارہ کررہے تھے جس میں امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے پچھلے ہفتے پاکستان پر امداد کی شکل میں اربوں ڈالر وصول کرنے کے باوجود فریب دہی سے کام لینے کا الزام لگایا تھا۔عمران نے چکوال میں اپنے حامیوں کے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے حکمرانوں نے امریکہ سے امداد نہ لی ہوتی تو آج پاکستان کو شرمندگی اور سبکی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔مسٹر خان نے زور دے کر کہا کہ امریکہ افغانستان کی لڑائی میں ا پنی ناکامی کے لئے پاکستان کو موردالزام ٹھہرا رہا ہے جب کہ اس لڑائی نے پاکستان کے قبائلی علاقوں اور اس کے عوام پر زبردست قہر ڈھایا ہے ۔مسٹر خان نے کہا کہ ملک کو احترام اور وقار اس وقت ہی حاصل ہوگا جب اس کے حکمران ملک پر قرضوں کا بوجھ لادنے اور خود اپنی دولت بیرون ملک بنکوں میں جمع کرنے سے گریز کریں گے ۔